کانگریس کا میٹرو ریلوے سمیت کئی پروجیکٹوں پر ممتا بنرجی کا ساتھ دینے کا اعلان: مغربی بنگال

کانگریس کا میٹرو ریلوے سمیت کئی پروجیکٹوں پر ممتا بنرجی کا ساتھ دینے کا اعلان: مغربی بنگال

کلکتہ میں میٹرو ٹرین کے کئی اہم پروجیکٹوں پر کام روک دیے جانے کے خلاف ممتا بنرجی کی برہمی اور تنقید کی حمایت کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ کانگریس ممتا حکومت کی مثبت کاموں میں حمایت کرنے کو تیار ہیں ۔ریاستی کانگریس کے صدر ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ مرکزی حکومت نے عام آدمی کی سہولیات کیلئے کام کرنے کا اعلان کیا تھا مگر اب خود اس سے دستبردار ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بنگال کو ترقی سے محروم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔مودی حکومت کی سخت تنقید کرتے ہوئے ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ ہم ہرسال مرکزی بجٹ سے قبل مودی حکومت سے بنگال کی طرف توجہ دینے کی اپیل کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر ممتا بنرجی بنگال کی ترقی کیلئے آگے بڑھتی ہیں تو کانگریس کے ان کے ساتھ ہے ۔بنگال کی ترقی بہر صورت ہونی چاہیے۔خیال رہے کہ ادھیر رنجن چودھری ممتا بنرجی کے سخت مخالفیں میں سے رہے ہیں اور اس کیلئے کانگریس اور بایاں محاذ کے اتحاد کی بھی انہوں نے جم کر حمایت کی تھی مگر سی پی ایم کے کانگریس کے ساتھ اتحاد نہیں کرنے کے فیصلے کے بعد ادھیر رنجن چودھری کا یہ بیان کئی قیاس آرائی کے دروازے کھول دیے ہیں کہ کیا کانگریس اور ممتا بنرجی ایک ساتھ آئیں گے۔ ممتا بنرجی نے اسمبلی میں کہا تھا کہ ترنمول کانگریس کے تعاون کے بغیر کانگریس مرکز میں اقتدار میں نہیں آسکتی ہے اور اس کا احساس مرکزی قیادت کو ہے مگر ریاستی سطح کے لیڈران اس کا احساس نہیں کررہے ہیں ۔