مسلم طلبہ کیلئے اچھی خبر، تکنیکی اداروں میں مفت داخلہ کرائے گی روز مائین تنظیم ، مگر جہیز نہ لینے کا لینا ہوگا حلف

 مسلم طلبہ کیلئے اچھی خبر، تکنیکی اداروں میں مفت داخلہ کرائے گی روز مائین تنظیم ، مگر جہیز نہ لینے کا لینا ہوگا حلف

بہار کے مسلم طلبہ کے لئے ایک اچھی خبر ہے۔ جہاں پروفیشنل کورس میں داخلہ کرانے کے لئے طلبہ کو ایک موٹی رقم چکانی پڑتی ہے وہیں پٹنہ کی روز مائین تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ وہ مسلم اور غریب طلبہ کو تکنیکی اداروں میں مفت داخلہ کرائےگی۔روز مائین تنظیم ایک غیر سرکاری ادارہ ہے۔ تنظیم کے مطابق انجینئرنگ، پیرا میڈیکل اور مینجمنٹ کے کورسز میں اس سال 9 ہزار 800 سات طلبہ کا مفت داخلہ کرایا جائےگا۔ روز مائین کے چیئرمین اویس عنبر نے مسلم طلبہ سے اس سلسلے میں پہل کرنے کی اپیل کی ہے۔روزمائین کے چیئرمین اویس عنبر کا کہنا ہے کہ تکنیکی کورس میں داخلہ بالکل مفت ہوگا۔ طلبہ کو صرف اپنے کھانے کا انتظام کرنا ہوگا۔ عنبر کے مطابق روزمائین 55 فیصدی سیٹوں پر مسلم طلبہ کا داخلہ کرائےگی۔ طلبہ کو اس کے لئے عہد کرنا ہوگا کی وہ اپنی شادی میں جہیز نہیں لیں گے اور برسرروزگار ہونے کے بعد دو بچوں کو اپنے خرچ پر پڑھائیں گے۔روز مائین کے مطابق وہ ریاستی حکومتوں کے ٹیکنیکل کالجوں میں طلبہ کا داخلہ کرائےگی۔ تنظیم کی کوششوں سے غریب مسلم طلبہ کیلئے پروفیشنل کورسز میں داخلہ لینے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔