تیجسوی کے رابطے میں ہیں این ڈی اے کے 21 سے زیادہ ممبران اسمبلی، آر جے ڈی ممبر اسمبلی کا دعوی

تیجسوی کے رابطے میں ہیں این ڈی اے کے 21 سے زیادہ ممبران اسمبلی، آر جے ڈی ممبر اسمبلی کا دعوی

راشٹریہ جنتادل کے ترجمان اور منیر سے ممبر اسمبلی بھائی وریندر نے دعوی کیا ہے کہ این ڈی اے کے 21 سے زیادہ ممبران اسمبلی آر جے ڈی کے رابطے میں  ہیں اور یہ سبھی ممبران اسمبلی تیجسوی یادو سے ملاقات بھی کرچکے ہیں ۔ تاہم انہوں نے اس کا انکشاف نہیں کیا کہ یہ ممبران اسمبلی کون ہیں اور ان لوگوں کی کہاں ملاقات ہوئی تھی۔بھائی وریندر نے کہا کہ جے ڈی یو ممبر اسمبلی سرفراز احمد کا آر جے ڈی میں شامل ہونا صرف ایک نمونہ ہے ، ابھی پورا کھیل باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سبھی ممبران اسمبلی وقت آنےپر میڈیا کے سامنے آکر اپنی بات رکھیں گے ۔ سیاست میں وقت کی بہت اہمیت ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ این ڈی اے میں نتیش کمار بے چارے بن گئے ہیں ، وہ 'سنگھ مکت 'کی بات کرتے تھے اور اب ہاف پینٹ پہننے کیلئے تیار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر جے ڈی کے رابطہ میں ایسے ممبران اسمبلی ہیں جو آر جے ڈی کے ووٹ بینک پر الیکشن میں کامیاب ہوئے تھے۔بھائی وریندر نے کہا کہ آنے والے وقت میں جے ڈی یو کا نام و نشان مٹ جائے گا۔ پارٹی میں بھگدڑ مچنی تقریبا طے ہے۔ آر جے ڈی میں بکھراو کی خبروں کوخارج کرتے ہوئے انہوں نے کہا یہ پارٹی پوری طرح سے متحد ہے ۔