وہائٹ ہاوس کے سامنے ادا کی گئی جمعہ کی نماز، ٹرمپ کے خلاف احتجاج کے طور پر

وہائٹ ہاوس کے سامنے ادا کی گئی جمعہ کی نماز، ٹرمپ کے خلاف احتجاج کے طور پر

یروشلم کو اسرائیل کے دارالحکومت کے طور پر منظوری دیئے جانے سے متعلق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے فیصلے کی مخالفت میں واشنگٹن میں سیکڑوں مسلمانوں نے  احتجاجا وہائٹ ہاؤس کے سامنے نمازِ جمعہ ادا کی۔ یہ مجمع امریکا میں مسلمان تنظیموں کی جانب سے دعوت پر وہائٹ ہاؤس کے سامنے واقع 'لیوائٹ اسکوائر' کے چھوٹے سے باغ میں جمع ہوا تھا۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق، مظاہرین میں بہت سے لوگوں نے اپنی گردنوں پر فلسطینی پرچم باندھا ہوا تھا جب کہ بعض کے ہاتھوں میں بینر تھے جن پر مقبوضہ مشرقی بیت المقدس میں اسرائیلی بستیوں کی آباد کاری کے خلاف مذمتی عبارتیں تحریر تھیں۔ امریکی اسلامی کونسل کے ڈائریکٹر جنرل نہاد عوض کے مطابق 'ٹرمپ بیت المقدس یا فلسطین کی اراضی کے ایک ذرّے کا بھی مالک نہیں ، وہ ٹرمپ ٹاور کے مالک ہیں اور اپنی اس ملکیت کو اسرائیلیوں کو دے سکتے ہیں'۔جمعہ کے روز متعدد عرب اور اسلامی ممالک میں ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہروں میں بیت المقدس کے حوالے سے ٹرمپ کے فیصلے پر مذمت اور فلسطینیوں کے ساتھ اظہارِ یک جہتی کیا۔