سابق مرکزی وزیر سی کے جعفر شریف کے انتقال کی خبر سوشل میڈیا پر جھوٹی نکلی

سابق مرکزی وزیر سی کے جعفر شریف کے انتقال کی خبر سوشل میڈیا پر جھوٹی نکلی

سابق مرکزی وزیر اور سینئر کانگریس لیڈر سی کے جعفر شریف کی سوشل میڈیا پر انتقال کی خبر جھوٹی ثابت ہوئی۔ جعفر شریف صحت یاب ہیں اور معمول کے مطابق، وہ اپنے کاموں میں مصروف ہیں۔ تفصیل کے مطابق، کل صبح سے ہی سوشل میڈیا پر یہ غلط خبر پھیلا دی گئی کہ سابق مرکزی وزیر سی کے جعفر شریف انتقال کر گئے ہیں۔ لیکن جب بنگلورو میں مرکزی وزیر جعفر شریف کے مینیجر یوسف خان سے رابطہ کیا تو انہوں نے اس خبر کی سختی سے تردید کی۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جعفر شریف کے انتقال کی جھوٹی خبر پھیلائی گئی ہے۔ وہ صحت مند ہیں اور معمول کے مطابق اپنے کاموں میں مصروف ہیں۔وہیں، جب اس سلسلہ میں بنگلورو میں سی کے جعفر شریف سے براہ راست بات چیت کی تو انہوں نے کہا کہ میں مکمل طور پر صحت یاب ہوں۔ عبادتوں، عوام سے ملاقاتوں میں مصروف ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کل صبح ہمارے ایک کرایہ دار کی موت ہوئی تھی، جسے لے کر میرے تعلق سے یہ غلط خبر پھیلا دی گئی۔دلچسپ بات تو یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر جعفر شریف کے انتقال کی جھوٹی خبر پھیلتے ہی تعزیتی پیغامات اور ان کے لئے دعائے مغفرت کا ایک طویل سلسلہ شروع ہو گیا۔ اردو کے ایک سنیئر صحافی نے لکھا ’’ ایک بہترین دوست اور بڑا بھائی کھو دیا میں نے‘‘۔ ایک اور اردو صحافی نے لکھا’’ اللہ مغفرت فرمائے‘‘۔ ایک دیگر سوشل میڈیا صارف نے لکھا ’’ انالله وانااليه راجعون۔ الله تعالي ان كي مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس مين اعلي مقام عطا فرمائے اور ان کے اہل وعیال اور لواحقين كو صبر جميل عطا فرمائے۔ آمين يارب العالمين۔