علیحدگی پسند لیڈر آسیہ اندرابی اننت ناگ کے ٹورزم فیسٹیول کے دوران چسپاں بینر میں شامل

علیحدگی پسند لیڈر آسیہ اندرابی اننت ناگ کے ٹورزم فیسٹیول کے دوران چسپاں بینر میں شامل

کشمیر کے اننت ناگ کے کوکرناگ علاقے میں منعقد جموں و کشمیرکے ٹورزم فیسٹیول کے دوران چسپاں بینر میں ملک کی وہ قابل تعریف نامورخواتین جنہوں نے ملک کے لیے مختلف میدانوں میں اپنی خدمات انجام دی ہیں، ان سب کے درمیان علیحدگی پسند خاتون لیڈر دختران ملت کی سربراہ آسیہ آندرابی کی تصویر کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔ حالانکہ آسیہ اندرابی کشمیرکی علاحدگی پسند لیڈران میں گنی جاتی ہے اوراس نے ہمیشہ کشمیری ملیٹنٹس کے تئیں ہمدردی جتائی ہے۔ اس بینر سے ایک بار پھر یہ بحث چھڑگئی ہے کہ کیا جموں و کشمیرکی سرکارعلیحدگی پسند لیڈران کے دباؤ میں ہے ۔ محکمہ آئی سی ڈی ایس سوشل ویلفیئرکی جانب سے ’ بیٹی بچاؤ۔ بیٹی پڑھاؤ ‘ کے بینر میں علیحدگی پسند خاتون لیڈر آسیہ اندرابی کی تصویر کو شامل کرنا حیرت انگیز بات ہے۔ کیونکہ اسی بینر میں جن دیگر خواتین کو جگہ دی گئی ہے وہ ملک کی نامور شخصیات  ہیں اور انہوں نے ملک کے تئیں اپنی شاندار خدمات دی ہیں اور دے رہی ہیں۔ ان میں ریاست کی وزیراعلی محبوبہ مفتی، لتا منگیشکر، ثانیہ مرزا سے لیکر اندرا گاندھی تک  کے نام شامل ہیں ۔اس پروگرام میں وزیرمملکت ظہور میر، اسمبلی ممبران عبد الرحیم راٹھر اور محمد خلیل بندھ  کے علاوہ دیگر پی ڈی پی لیڈران اور سرکردہ سرکاری افسران بھی شامل تھے۔ سب سے زیادہ حیرت کی بات یہ ہے کہ اتنے لیڈران اور افسران کے وہاں ہونے کے باوجود اس پر نہ کسی نے کوئی اعتراض کیا نہ ہی کوئی سوال اٹھایا۔