احمد پٹیل: صرف بی جے پی ہی نہیں ہے نیشنلزم کی ٹھیکہ دار

   احمد پٹیل: صرف بی جے پی ہی نہیں ہے نیشنلزم کی ٹھیکہ دار

کانگریس کے سینئر اور سونیا گاندھی کے سیاسی مشیر احمد پٹیل نے بی جے پی پر تیکھا نشانہ سادھا ہے ۔ احمد پٹیل نے کہا ہے کہ حب الوطنی پر صرف بی جے پی کا ہی ٹھیکا نہیں ہے ۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے گجرات حکومت کے ان لزامات کو بھی یکسر مسترد کردیا کہ گجرات کے ایک اسپتال سے ان کے گہرے رشتے ہیں ، جہاں سے دہشت گردی کے الزام میں گرفتار ایک شخص کام کرتا تھا ۔گجرات کے وزیر اعلی روپانی نے اس معاملہ پر پٹیل سے راجیہ سبھا کی رکنیت سے استعفی دینے کا مطالبہ کیا تھا ۔ روپانی کو جواب دیتے ہوئے احمد پٹیل نے کہا کہ راجیہ سبھا کیلئے ان کا انتخاب بی جے پی کی آنکھوں میں چبھ رہا رہے۔ کانگریس نائب صدر راہل گاندھی کی موجودگی میں ایک پروگرام کو خطاب کرتے ہوئے احمد پٹیل نے کہا کہ جب انہیں مشکلات پیش آتی ہیں تو وہ حب الوطنی اور فرقہ واریت کی باتیں کرنے لگتے ہیں ۔وزیر اعلی روپانی کو جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حال ہی میں وزیر اعلی نے میرے بارے میں جس طرح سے بیانات دئے ، انہیں اس بات پر شرمندہ ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طریقہ سے انہوں نے کہانی بنائی ، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حب الوطنی کا پورا ٹھیکہ صرف ان کے ہی پاس ہے ، صرف وہی محب وطن ہیں کوئی اور نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور اس کے لیڈروں نے ملک کیلئے متعدد قربانیاں پیش کی ہیں۔احمد پٹیل نے کہا کہ قربانیوں کا سلسلہ گاندھی جی سے شروع ہوا جو آزادی کے بعد اندرا جی اور راجیو جی تک پہنچا ۔ پارٹی کے کارکنان اور لیڈران دہشت گردی کا شکار بنیں ، آپ ہمیں حب الوطنی اور نیشنلزم نہیں سکھا سکتے ۔ پٹیل نے مزید کہا کہ آپ دہشت گردی سے لڑائی نہیں لڑسکتے ۔ آپ نے قندھار میں دہشت گردوں کو سونپ دیا تھا ۔ آپ دہشت گردی سے کیسے لڑ سکتے ہیں ۔ احمد پٹیل کا اشارہ اس وقت کی این ڈی اے حکومت کی جانب تھا جب 1999  میں انڈین ائیر لائنس طیارہ کے اغوا کے بعد مسافروں کی رہائی کیلئے دہشت گردوں کو چھوڑ دیا گیا تھا۔