کرناٹک نے بنایا اپنا الگ جھنڈا

کرناٹک نے بنایا اپنا الگ جھنڈا

 

بنگالورو: کرناٹک ہندوستان کی پہلی ریاست ہوگی جس کا اپنا خود کا پرچم ہوگا ۔ وزیراعلی سدارامیا نے اس مقصد کے لئے تقرر کردہ کمیٹی کی جانب سے ڈیزائن کردہ نئے پرچم کو منظوری دے دی ہے۔ تاہم اس پرچم کو اپنانے کا انحصار مرکزی حکومت کی منظوری پر منحصر ہے۔ کنڑ حامی تنظیموں کے ساتھ اجلاس کے بعد اپنے سرکاری رہائش گاہ کرشنا میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ علحدہ ریاستی پرچم کی تجویز مرکزی حکومت کو روانہ کی جائے گی۔ اس سے پہلے ریاستی کابینہ کی اس خصوص میں منظوری حاصل کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے باضابطہ طور پر پرچم سے متعلق اعلان کرنے کی ضرورت ہے۔ ایک سوال کا جواب د یتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ دستور میں ایسی کوئی وضاحت نہیں ہے کہ ریاستوں کا علحدہ پرچم نہیں ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ایک طویل عرصہ سے اس سلسلہ میں مطالبہ کیا جارہا تھا اور آج اس کی منظوری عمل میں آئی۔ انہوں نے کہا کہ پرچم میں تین رنگ ہوں گے۔ زرد رنگ اوپر ہوگا جبکہ درمیان میں سفید اور نیچے کے حصہ میں لال ہوگا۔ سفید رنگ پر ریاستی نشان ہوگا۔